نئی دہلی، 26دسمبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ڈی ایم آر سی کے سربراہ منگو سنگھ نے کہا ہے کہ سستی گھریلو ایئر لائنز کی پروازوں کا آپریشن ٹرمینل 3 سے نہ ہونا دہلی میٹرو ہوائی اڈہ ایکسپریس لائن کے لئے ایک بڑی رکاوٹ رہا ہے۔تاہم اس اہم کاریڈور میں اس سال اگست میں روزانہ مسافروں کی تعداد نے 50ہزار کے اعداد و شمار چھوکر ایک کامیابی حاصل کی ہے لیکن سنگھ کا کہنا ہے کہ اگر چیزیں منصوبہ بندی کے مطابق ہوئی ہوتیں تو یہ تعداد کہیں زیادہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ جب 23کلومیٹر طویل کوریڈور بن رہا تھا، تب ایسی منصوبہ بندی کی تھی کہ گھریلو سمیت تمام پروازوں کا آپریشن ٹی 3 سے ہوا کرے گا لیکن ہمیں نہیں پتہ کہ کیوں حکام نے ٹرمینل 1 سے آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔سنگھ نے بتایا کہ یہ واقعی ایک دھچکا ہے کیونکہ ہمارا خیال ہے کہ گھریلو ایئر لائنز کے ذریعے سفر کرنے والے لوگ عوامی ٹریفک کا استعمال کرتے ہیں۔ٹرمینل3 کے لوگ اکثر اپنی گاڑیوں میں آتے ہیں،تاہم ہم دونوں ٹرمینلز کے درمیان فیڈر سروس چلا رہے ہیں اور اس سے کچھ حد تک مدد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کے مرحلے میں، یہ بھی سوچا گیا تھا کہ جائیداد کی ترقی اس کاریڈور کے لئے آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہوگا لیکن کم مسافروں کی تعداد اس کے راستے میں آ رہی تھی،اس وجہ سے میٹرو کے کرایہ میں کمی کرنی پڑی۔